کائنات اپنے خالق کا تعارف ہے۔ اس كي ہیبت ناک وسعت خالق کی عظمت کو بتاتی ہے۔ اس کا حد کمال تک موزوں ہونا بتاتاہے کہ اس کا پیدا کرنے والا ایک کامل ومکمل ہستی ہے۔ اس کے تمام اجزاء کا حد درجہ توافق کے ساتھ عمل کرنا ثابت کرتاہے کہ اس کا چلانے والا انتہائی حد تک حکیم اور علیم ہے۔ کائنات کا انسان کےلیے مکمل طورپر سازگار ہونا ظاہر کرتاہے کہ اس کا خالق اپنی مخلوقات کےلیے بے حد رحیم وکریم ہے۔
جو شخص کائنات پر غور کرے گا وہ خدا کے جلال وکمال کے احساس سے سرشار ہوجائے گا۔ وہ یقین کرلے گا که ازل سے ابد تک عظمتیں صرف ایک خدا کےلیے ہیں اس کے سوا کسی اور کے لیے نہیں۔